اترپردیش کے بریلی میں 12 گائیوں کو ٹرالی کے ذریعے اسملنگ کیا جارہا تھا کہ گاؤں والوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے بی جے پی کے نگر پنچایت چیئرمین کے شوہر سمیت سات افراد کو گرفتار کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق گرفتار کئے گئے تمام افراد کا مبینہ طور پر بی جے پی سے تعلق بتایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرید پور نگر پنچایت کی چیئرمین و بی جے پی رہنما دھرما دیوی کے شوہر دیودت راجپوت سمیت سات افراد مویشیوں کی اسمگلنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھ پکڑلیا گیا اور ان کے قبصہ سے 12 گائیوں کو برآمدکیا گیا۔ ان پر 12 آوارہ مویشیوں کو پکڑ کر ٹرالی کے ذریعہ شاردا ندی کے کنارے گاؤں سنگھوٹھی کے جنگل میں لے جارہے تھے۔ موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ ہجوم نے چیئرمین کے شوہر اور دیگر ملزمین پر جانوروں کو ذبح کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ہنگامہ کردیا۔ اس دوران چیئرمین کے شوہر کے ساتھ شدید بحث بھی ہوئی۔
ساتوں ملزمین کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت نام سنیل، گنگارام، مہندر پال، نریش پال اور نریش پال کے بیٹے رام لال کے طور پر کی گئی جبکہ ٹریکٹر کے ڈرائیور کا نام محسن بتایا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جس ٹریکٹر کے ذریعہ گائیوں کو اسمگل کیا جارہا تھا اس پر بی جے پی کا اسٹیکر بھی لگا ہوا تھا۔
چیئرمین دھرما دیوی کے شوہر دیودت راجپوت نے جیل جانے سے قبل وضاحت کی کہ علاقے میں سینکڑوں مویشی فصلوں کو تباہ کر رہے ہیں۔ اس وجہ سے انہوں نے ان جانوروں کو پکڑ کر دمکھوڑا کی گوشالا بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔