کربلا میں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں یوم عاشور دس محرم الحرام آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
اسلامی تاریخ میں واقعہ کربلا سے پہلے یا بعد کوئی ایسا دل سوز واقعہ نہیں گزرا جسے برسوں یاد رکھا گیا ہو واقعات رونما ہوتے ہیں اور کچھ عرصہ بعد تاریخ کے اوراق میں گم ہو جاتے ہیں، یہ امتیاز صرف واقعہ کربلا کو حاصل ہےکہ دنیا بھر میں نواسہ رسول امام حسین علیہ اسلام کی اس عظیم قربانی کی یاد منائی جاتی ہے۔
نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں عظیم قربانی پیش کرکے اسلام کو ہمیشہ کے لیے سربلند کردیا۔ حق و باطل کے اس معرکے کی یاد میں آج ملک بھر میں مسلمانوں نے اظہار غم کیا، روزہ رکھا، خصوصی عبادات میں مصروف رہیں۔ اس کے علاوہ شیعہ مسلمانوں کی جانب سے عاشورہ کے موقع پر جلوس نکالے گئے اور ماتم کیا گیا۔ اس موقع پر سیکوریٹی کے انتظامات کئے گئے۔
دہلی، اترپردیش، بہار، گجرات، مہاراشٹرا، آندھراپردیش، تلنگانہ، مغربی بنگال، راجستھان کے علاوہ دیگر علاقوں میں تعزیہ کے جلوس نکالے گئے۔
تلنگانہ کے حیدرآباد میں تاریخی بی بی کا علم آج دوپہر علاوہ بی بی دبیرپورہ سے برآمد ہوا۔ مختلف راستوں سے گذرکر جلوس کالی قبر چادرگھاٹ پہنچا۔ جلوس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ وہیں مختلف شیعہ انجمنوں کی جانب سے ماتم کیا گیا۔