شرپسند عناصر نے گروگرام کی ایک اور مسجد پر حملہ کرکے بڑے پیمانہ پر توڑ پھوڑ کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوہنا علاقہ میں واقع شاہی مسجد پر شرپسندوں نے حملہ کردیا اور مسجد میں پنکھوں، کرسیوں و دیگر چیزوں کو نقصان پہنچایا۔ اطلاعات کے مطابق 30 سے زائد شرپسندوں نے اچانک مسجد پر حملہ کرکے تباہی مچادی۔
اشرار کی جانب سے مسجد میں آگ لگانے کی کوشش کی گئی تاہم پولیس نے کاروائی کرکے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔ لیکن اشرپسندوں نے مسجد کے باہر کھڑی کار اور موٹر سائیکل کو نقصان پہنچایا۔ اسی طرح پولیس نے مسجد کے امام اور ان کے افراد خاندان کی جان بھی بچالی۔
پولیس نے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے شرپسندوں کو منتشر کردیا۔پولیس نے علاقہ میں امن کی برقراری کےلئے لوگوں سے اپیل کی ہے۔
پولیس ٹیم نے مسجد کے امام مولانا کلیم اور ان کے اہل خانہ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز رات کے اواقات میں شرپسندوں نے گروگرام کی ایک مسجد کو آگ لگادی تھی جبکہ اس واقعہ میں مسجد کے امام جاں بحق ہوگئے۔


