ممتاز اسلامی اسکالر مولانا عمر گوتم کی گذشتہ روز الہ آباد ہائی کورٹ نے ضمانت منظور کرلی۔ مولانا عمر گوتم کے وکیل کے مطابق تبدیلی مذہب قانون کے تحت گرفتار معروف داعی اسلام عمر گوتم کی ضمانت مل گئی ہے۔
واضح رہے کہ مولانا عمر گوتم کو 20 جون 2021 کو اترپردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے گرفتار کیا تھا۔ اس دوران مولانا اور ان کے ایک ساتھی پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے ہزاروں افراد کو اسلام قبول کرنے کےلئے زبردستی کی تھی۔ اس کے علاوہ مولانا پر مبینہ طور پر سازش، دھوکہ دہی اور مذہبی جذبات کو مشتقل کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔
اتنا ہی نہیں 25 جون 2021 کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے غیر ملکی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کے لیے گوتم کے خلاف منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ 2002 کے تحت مقدمہ درج کیا۔ ای ڈی نے بھی مولانا کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا، تاہم اب الہ آباد ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد امید کی جارہی ہے کہ مولانا عمر گوتم بہت جلد جیل سے رہا ہوجائیں گے۔