اتر پردیش کے سدھارتھ نگر میں دو نابالغ لڑکوں کو پیشاب پینے پر مجبور کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اتنا ہی نہیں چوری کا الزام لگاتے ہوئے ان دو معصوموں کے مقعد میں ہری مرچیں ڈالی گئی اور زبردستی کچھ نامعلوم انجیکشن لگاکر انتہائی اذیت دی گئی۔ متاثرین میں ایک کی عمر 10 برس ہے جبکہ دوسری کی عمر 15 سال بتائی گئی۔
انتہائی انسانیت سوز واقعہ کی خوفناک ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکوں کو ہری مرچیں کھانے اور بوتل میں بھرے پیشاب کو پینے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ کچھ درندہ صفت افراد پر مشتمل گروپ کو نابالغ لڑکوں کے ساتھ بدسلوکی کرتے اور جان سے مارنے کی دھمکی دیتے سناجاسکتا ہے۔
کچھ درندوں نے مبینہ طور پر لڑکوں کو باندھ دیا اور ان پر رقم چوری کرنے کا الزام لگایا۔ اس گھناونے واقعہ کے ایک اور پریشان کن ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ لڑکوں کو زمین پر منہ کے بل لیٹا کر پتلون نیچے کھینچی گئی اور ایک شخص نے ان کے مقعد میں ہری مرچی ڈال رہا ہے۔ معصوم لڑکے درد سے چیخ رہے ہیں لیکن ظالموں کو رحم نہ آیا۔ درندوں پر مشتمل گروپ نے ان نابالغ لڑکوں کو مبینہ طور پر نامعلوم شئے پر مشتمل انجکشن بھی لگائے۔
یہ افسوسناک واقعہ 4 اگست کو شوٹ کیا گیا جبکہ یہ ویڈیو پاتھرا بازار تھانہ علاقے کے کونکاٹی چوراہا کے قریب واقع ارشان چکن شاپ کا بتایا جارہا ہے۔
پولیس کے مطابق دو نابالغ بچوں کے ساتھ قابل اعتراض فعل کرنے کی ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا اور اس معاملہ میں 6 ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا۔