ہریانہ کے نوح میں فسادات کے بعد 170 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں زیادہ تر مسلمان ہیں۔نوح پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں سے تقریباً 90 فیصد مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ نوح تشدد میں کل 56 ایف آئی آر درج کی گئی۔ مقامی لوگوں نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ تشدد کے بعد مسلم کمیونٹی کو نشانہ بناتے ہوئے کاروائی کی گئی خاص طور پر مسلم نوجوان کو نشانہ بنایا گیا۔
دی پرنٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس افسران نے اس بات کو مانا کے گرفتار افراد میں زیادہ تر مسلمان ہے لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہندوؤں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ تورو کی ایک مسجد میں آگ لگانے کے الزام میں چار ہندو نوجوان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
نوح میں بیشتر گرفتار مسلم افراد کے ارکان خاندان بے گناہی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔نوح کے وکیل طاہر حسین روپڑیا کے دفتر میں، ایک بیوہ، حورجہاں بار بار اپنے بیٹوں اور داماد کو ‘بچانے’ کے لیے کہتی ہے، جب کہ حسین اس میں شامل پیچیدہ قانونی عمل کی وضاحت کر کے اسے مطمئن کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
ان کے بیٹے جنید (21) اور عادل (19) اور ان کے داماد انعام کو نوح پولیس نے ہندوتوا گروپوں وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) اور ماتروشکتی درگا کے زیر اہتمام برج منڈل یاترا کے دوران تشدد کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔حورجہاں نے دی پرنٹ کو بتایا، “انعام تشدد کے دن گھر میں سو رہا تھا۔ جنید لائبریری میں تھا اور عادل انعام کی دکان کی دیکھ بھال کے لیے گیا ہوا تھا۔ گھر میں صرف ایک فون ہے۔ جنید (NEET) کی تیاری کر رہا ہے اور عادل نے انجینئرنگ کورس میں داخلہ لیا ہے۔ ان کے شوہر کا گزشتہ رمضان میں انتقال ہو گیا تھا۔حورجہان نے بتایا کہ تشدد کے اگلے دن افراتفری اور جھڑپوں کے خوف سے اس نے تینوں کو پنہانہ میں اپنے چچا کے گھر جانے کو کہا تھا۔ تاہم پولیس نے اسے راستے میں ہی گرفتار کر لیا۔


