عوام کو ہر گھر ترنگا مہم میں شامل ہونے کی وزیراعظم نریندر مودی نے اپیل کی

ملک کے عوام میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے کےلئے ہر گھرترنگا مہم آج سے شروع ہوگئی ہے اور یہ 15 اگست تک جاری رہے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سبھی لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس مہم میں شامل ہوں۔ مودی نے لوگوں سے کہاہے کہ وہ ترنگے کے ساتھ اپنی تصویر ہر گھر ترنگا ڈاٹ کوم پر اپ لوڈ کریں۔ مودی نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ یوم آزادی کے موقع پر اپنے گھروں پر ترنگا لہرائیں۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ ترنگا، آزادی اور قومی اتحاد کی علامت ہے۔ مودی نے کہا کہ ہر ہندوستانی شہری کا ترنگے کے ساتھ ایک جذباتی رشتہ ہے اور اس سے ملک کی ترقی کےلئے اور زیادہ محنت کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔ اب تک 66 لاکھ سے زیادہ افراد ترنگے کے ساتھ سیلفی اپ لوڈ کرچکے ہیں۔

وزیراعظم نے سبھی لوگوں سے زور دے کر یہ بھی کہا ہے کہ وہ ہر گھر ترنگا تحریک کے جذبے کے ساتھ اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس کے ڈی پی کو بدل دیں۔ مودی نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس منفرد کوشش میں شامل ہوں، جس سے ملک اور عوام کے درمیان رشتہ اور مضبوط ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں