ریلوے حکام کی جانب سے ریاست اتر پردیش کے متھرا میں کرشنا جنم بھومی کے قریب تعمیرات کو منہدم کرنے کی کاروائی کو سپریم کورٹ نے رکوادیا۔ عدالت نے حکام کو 10 روز کے لیے کاروائی کو روکنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس انیرودھا بوس اور سنجے کمار پر مشتمل بنچ نے اسی معاملے پر مرکز اور حکام کو نوٹس جاری کیا۔
متاثرین کے وکیل نے بتایا کہ اب تک 100 گھر بلڈوزر کے ذریعہ منہدم کئے جاچکے ہیں جبکہ 80 گھر باقی ہیں۔ قبل ازیں 66 سالہ یعقوب شاہ نے بلڈوزر کاروائی کے خلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ انہوں نے درخواست میں کہا کہ ان کے اہل خانہ 1880 سے علاقے میں رہ رہے ہیں، جبکہ ان کے گھر کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے منہدم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اس کیس کی آئندہ سماعت اگلے ہفتے ہوگی۔ شاہ کی جانب سے سینئر وکیل پرشانتو چندر سین دلائل دے رہے ہیں۔ حالانکہ مقدمہ مقامی سول عدالت میں زیر التوا ہے جبکہ یعقوب شاہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔