ریاست کرناٹک میں اب ایک نئے تنازعہ کا جنم ہوا۔ یہاں ایک اسکول میں خود ہیڈ ماسٹر نے طلبا کے ذریعہ ‘ساورکر کی جئے’ کے نعرے لگوائے۔ یہ واقعہ جنوبی کنڑ ضلع کے بنٹوال تعلقہ میں واقع منچی سرکاری اسکول میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر طلباء نے اسکول گراؤنڈ میں قطار میں کھڑے ہوکر ’جئے ساورکر‘ کے نعرے لگائے۔
طلباء کے والدین نے ہیڈماسٹر کی حرکت پر برہمی کا اظہار کیا اور اسکول انتظامیہ کے خلاف احتجاج درج کرایا۔ چونکہ کرناٹک میں اب بی جے پی کی حکومت نہیں ہے، اسی لئے اسکول انتظامیہ نے معافی مانگ لینے میں ہی عافیت سمجھی۔ اسکول انتظامیہ نے فوری طور پر سرپرستوں کا ایک اجلاس طلب کیا اور اس اجلاس میں خود ہیڈماسٹر نے اپنی غیرجمہوری حرکت پر معذرت خواہی کرلی۔
بعد میں اسکول کی ہیڈماسٹر ویملا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ ساورکر جئے کہنا غلط ہے، میں نے اس کےلئے معافی مانگ لی ہے‘۔
واضح رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہیڈماسٹر کی جانب سے طلبا کو ساورکر کی جئے کا نعرہ لگانے پر مجبور کرنا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔جس کے بعد وٹھل پولیس اسٹیشن میں اس سلسلہ میں شکایت درج کرائی گئی۔ دوسری جانب بی جے پی نے اسے سیاسی ایجنڈہ قرار دیا تو وہیں حجاب کی مخالفت کرنے والے سابق وزیر تعلیم بی سی ناگیش جنہیں عوام نے انتخابات میں بری طرح ہرایا تھا نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ لوگ کس طرح اسکولوں میں ساورکر کے گانے کی مخالفت کر رہے ہیں۔