مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ ڈگ وجئے سنگھ نے سنسنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے بی جے پی پر ریاست میں فسادات کرانے کی سازش کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے ہریانہ کے نوح کا تذکرہ کرتے ہوئے بی جے پی پر مدھیہ پردیش میں بھی انتخابات سے فسادات کرانے کی سازش رچنے کا الزام عائد کیا۔
جیسے جیسے مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات قریب آرہے ہیں، ریاست کی سیاست میں گرمی آتی جارہی ہے اور سیاسی پارٹیوں کی جانب سے بڑے پیمانہ پر تشہیری مہم بھی چلائی جارہی ہے۔ اس دوران ڈگ وجے سنگھ نے تبصرہ کیا کہ بی جے پی مدھیہ پردیش میں فسادات کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نوح فسادات کی طرح مدھیہ پردیش میں بھی فسادات کرانے کی سازش کے منصوبہ کی اطلاع ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی انتخابات سے قبل سیاسی فائدے کے لیے فرقہ پرستی کی سیاست کرنے جا رہی ہے۔