ہندوستان کےلئے تاریخی لمحہ، چندریان تین آج شام 6 بجکر 4 منٹ پر چاند کی سطح پر اترنے کےلئے تیار، مشن کی کامیابی کےلئے ملک بھر میں دعاؤں کا اہتمام

ہندوستان کا چندریان-تین آج شام چھ بجکر چار منٹ پر چاند کی سطح پر اترنے کا تاریخ ساز کارنامہ انجام دینے کیلئے تیار ہے۔ مشن کی کامیابی کےلئے ہندوستان بھر میں دعاؤں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ مسلمانوں کی جانب سے دعائیہ اجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں جہاں چندریان تین کی چاند پر کامیابی سے لینڈنگ کےلئے خصوصی دعا کی جارہی ہے۔

ملک کا تیسرا چاند مشن چندریان-3 آج شام چھ بجکر چار منٹ پر چاند کی سطح پر اترنے کیلئے تیار ہے۔ آج یہ اپنے سفر کے سب سے دشوار مرحلے سے، اُس وقت گزرے گا، جب لینڈر کی رفتار کم کی جائے گی اور چاند کے اوپر تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے سے اِسے اتارنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ روور پرگیان کے ساتھ لینڈر وکرم چاند پر اترنے کے سب سے بڑے چیلنج کا سامنے کرے گا۔ البتہ یہ ایک تاریخ ساز کارنامہ ہوگا کیونکہ بھارت قطب جنوبی کے نزدیک اترنے والا پہلا ملک بن جائے گا ، جب کہ چاند کی سطح پر بحفاظت خوش اسلوبی کے ساتھ اترنے والا دنیا کا چوتھا ملک ہوگا۔

دنیا بھر کی نظریں اب ہندوستانی مشن پر ٹکی ہوئی ہیں وہیں آج کا دن تاریخ میں یاد رکھا جائے گا جب ہندوستان، چاند کی سطح پر پہنچ جائے گا۔ سب کی نظریں اس لینڈنگ پر ہیں جو اگر کامیاب ہو جاتی ہے تو امریکہ، روس اور چین کے بعد ہندوستان، چاند پر اترنے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔

واضح رہے کہ چندریان تین مشن 14 جولائی کو آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹہ سے روانہ ہوا تھا اور یہ 40 دن کے طویل سفر کے بعد چاند کی سطح پر اترنے کی کوشش کررہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں