دہلی میں خالصتان حامیوں نے ملک مخالف نعرے تحریر کرکے دہشت پھیلادی

حیدرآباد (دکن فائلز) جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس سے قبل قومی دارالحکومت دہلی میں خالصتان حامیوں نے ملک مخالف نعرے تحریر کرکے دہشت پھیلادی۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کو دہلی کے پانچ سے زیادہ میٹرو اسٹیشنوں کی دیواروں پر خالصتان کی حمایت میں نعرے تحریر کئے گئے۔ میٹرو کی دیواروں پر تحریر کیا گیا ’دہلی بنے گا خالصتان، خالصتان زندہ باد’ وغیرہ وغیرہ۔

میٹرو اسٹیشنوں پر ملک مخالف نعرے تحریر کے بعد پولیس نے اس سلسلہ میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ مغربی دہلی میں پنجابی باغ، شیواجی پارک، ماڑی پور، مغربی وہار، صنعت نگر اور مہاراجہ سورجمل اسٹیڈیم میٹرو اسٹیشنوں کی دیواروں پر خالصتان حامیوں نے ملک مخالف نعرے تحریر کئے۔

دہلی پولیس نے بتایا کہ ممنوعہ سکھ فار جسٹس کے کارکنوں کی جانب سے خالصتان کے حق میں نعرے تحریر کئے گئے۔ اس طرح کی کاروائی ایسے وقت کی گئی جب قومی دارالحکومت جی 20 سربراہی اجلاس کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہے اور اجلاس کےلئے ابھی سے دہلی میں انتہائی سخت سیکوریٹی انتظامات کئے ہیں۔ یہ کانفرنس 9 سے 10 ستمبر کو دہلی میں منعقد ہوگی۔ اس کانفرنس میں 30 سربراہان مملکت، اعلیٰ حکام، مدعو ممالک اور 14 بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان شرکت کریں گے۔
ڈی سی پی (میٹرو) نے کہا کہ میٹرو اسٹیشنوں کی دیواروں پر لکھی کئی تمام تحریروں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہے ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت کی جا سکے اور انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں