حیدرآباد (دکن فائلز) مرکزی حکومت کی جانب سے عوام کےلئے آج ایک بڑی خوشخبری دی گئی۔ آئندہ کچھ مہینوں میں پانچ ریاستوں میں انتخابات ہونے والے ہیں جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے مودی حکومت نے آج ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ کابینہ نے آج گھریلوں صارفین کےلئے گیس سلنڈر کی قیمت میں 200 روپئے کم کرنے کا اعلان کیا۔
مرکزی کابینہ نے 29 اگست کو تمام 33 کروڑ صارفین کے لیے گھریلو استعمال کے لیے ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔ وہیں اجولا اسکیم کے تحت مستفید کو سبسڈی اب 400 روپے فی ایل پی جی سلنڈر دی جائے گی۔
مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے بتایا کہ “ایل پی جی سلنڈر کے تمام گھریلو صارفین کو فی سلنڈر 200 روپے کی سبسڈی ملے گی۔ اطلاعات ونشریات کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا ہے کہ حکومت نے، گھریلو LPG سلینڈر کی قیمت میں سبھی صارفین کیلئے 200 روپے کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی دلّی میں آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اب اُجولا مستفیدین کیلئے LPG سلینڈر کی قیمت میں مجموعی طور پر 400 روپے کم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اُجولا اسکیم کے تحت 75 لاکھ نئے مفت LPG کنکشن فراہم کرے گی۔
چندریان-3 مشن کی کامیابی کے بارے میں وزیر موصوف نے کہا کہ مرکزی کابینہ، چندریان-3 کی تاریخی کامیابی کا جشن منانے میں قوم کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے بھی ملک کے سائنسدانوں کی اس تاریخی کامیابی کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن سے عالمی سطح پر ملک کی ترقی اور طاقت کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ بھی 23 اگست کو خلاء کے قومی دن کے طور پر منانے کی پہل کا خیر مقدم کرتی ہے۔ٹھاکر نے کہا کہ کابینہ نے فخر کا اظہار کیا ہے کہ ملک کی خاتون سائنسدانوں نے، چندریان-3 مشن کو چاند کی سطح پر کامیابی کے ساتھ اتارے جانے میں اہم تعاون دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خاتون سائنسدانوں کی اگلی نسلیں جذبہ حاصل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کا اس بات میں بھرپور یقین ہے کہ ایک ایسے دور میں، جس کی تعریف، ٹیکنالوجی کی تیز رفتار پیش رفت اور اختراع کی چاہت سے ہوتی ہے، بھارت کے سائنس داں، معلومات، خود کو وقف کردینے اور مہارت کی نمایاں شخصیتیں بن گئے ہیں۔