بے گنا مسلم قیدیوں کی رہائی کےلئے جدوجہد جاری رکھنے جمعیۃ علما قانونی امداد کمیٹی کا اعلان

حیدرآباد (دکن فائلز) جمعیۃ علما قانونی امداد کمیٹی، جمعیۃ کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت کے مطابق حسب سابق دہشت گردی کے جھوٹے الزامات میں گرفتار مسلم نوجوان کے مقدمات کی پیروی کرتی رہے گی۔ اردو ٹائمز ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق جمعیۃ علما مہاراشٹرا کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ سابق سکریٹری قانونی امداد کمیٹی گلزار احمد اعظمی کا انتقال ایک ایسا خلا ہے جسے بھرنا آسان نہیں ہے لیکن اعظمی صاحب نے جو بیڑا اٹھایا تھا اسے انشا اللہ جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گلزار اعظمی کے انتقال کی خبر سے جیل کے اندر محروسین اور ان کے اہل خانہ فکرمند ہوگئے ہیں، لیکن مولانا ارشد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علما قانونی امدادی کمیٹی محروسین کے مقدمات کی پیروی اسی طاقت سے کرے گی جیسا کہ مرحوم اعظمی صاحب کیا کرتے تھے۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ مقدمات کی پیروی کس طرح کی جاتی ہے، اس کاراستہ اعظمیٰ صاحب نے بتایا ہے، ہمیں انہی کے بتائے ہوئے راستہ پر چل کر بے گناہ مسلم نوجوان کو جیل سے باہر نکالنے کےلئے کوشش کرنا ہے۔ مولانا حلیم نے مزید بتایا کہ چھ ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں جمعیۃ علما مہاراشٹرا کے کارگذار صدر حافظ مسعود احمد حسامی، خازن مفتی محمد یوسف قاسمی، ایڈوکیٹ انصار تنبولی، ایڈوکیٹ شاہد ندیم، مولانا معراج قاسمی اور وہ خود شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں