حیدرآباد (دکن فائلز) راجستھان میں انتہائی شرمناک واقعہ پیش آیا جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ ویڈیو میں ایک خاتون کو برہنہ کرکے گلی میں گھماتے ہوئے دکھایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق متاثرہ چار ماہ کی حاملہ تھیں، شوہرکی جانب سے خاتون کو سرعام پیٹنے، برہنہ کرنے کی دیگر افراد نے ویڈیو بنائی تھی۔
پولیس کے مطابق ایک قبائلی خاتون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا اور برہنہ کرکے پریڈ کرائی۔ راجستھان کے پرتاپ گڑھ ضلع میں واقعہ گاؤں میں یہ شرمناک واقعہ پیش آیا۔ ویڈیو میں شوہر کو مبینہ طور پر 21 سالہ خاتون کو گھر کے باہر برہنہ کرتے ہوئے اس کا پریڈ کراتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کا مبینہ طور پر کسی دوسرے شخص سے معاشقہ کی وجہ سے اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے اس سلسلہ میں فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ کچھ اور گرفتاریوں کی بات کی جارہی ہے۔ گرفتار کیے گئے تین ملزمین کی شناخت کانا مینا(متاثرہ کا شوہر) ، ناتھو مینا اور ویلیا مینا کے نام سے ہوئی ہے۔ راجستھان کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) امیش مشرا نے بتایا کہ شادی شدہ خاتون کے کسی دوسرے مرد کے ساتھ تعلقات کے بعد خاتون کو سسرال والوں نے مبینہ طور پر مارا پیٹا اور برہنہ کرکے پریڈ کرائی گئی۔
اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور پرتاپ گڑھ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امیت کمار گاؤں میں مقیم ہیں۔ وہیں وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے رات دیر گئے ایک ٹویٹ میں اس واقعہ کی مذمت کی اور کہاکہ ضلع پرتاپ گڑھ میں سسرال کے ساتھ خاندانی تنازعہ کی وجہ سے ایک خاتون کو اس کے سسرال والوں کی طرف سے برہنہ کرنے کا ویڈیو منظر عام پر آیا ہے، ڈائریکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ اے ڈی جی کرائم کو موقع پر بھیج کر اس معاملے میں سخت ترین کارروائی کی جائے، مہذب معاشرے میں ایسے مجرموں کے لیے کوئی جگہ نہیں، ان مجرموں کو جلد از جلد سلاخوں کے پیچھے ڈال کر ان کے خلاف فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلایا جائے گا اور سزا دلائی جائے گی‘۔


