سناتن دھرم، ملیریا اور ڈینگی کی طرح ہے۔۔۔ اسے ختم کرنا چاہئے: اودیاندھی اسٹالن کے بیان پر بھگوا بریگیڈ آگ بگولا

حیدرآباد (دکن فائلز): تمل ناڈو کے وزیر اودیا ندھی اسٹالن کے سناتن دھرم سے متعلق تبصروں کے بعد ملک بھر میں سخت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ مرکزی وزیر امت شاہ نے اودیاندھی اسٹالن کے بیان پر تنقید کی۔وہیں اودیاندھی اپنے موقف پر اٹل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے جو ہوجائے میں اپنے موقف پر قائم رہوں گا۔

گذشتہ روز ترقی پسند مصنفین اور فنکاروں کی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے، اودیاندھی نے کہاکہ ’سناتن دھرم، ملیریا اور ڈینگی کی طرح ہے، اس لیے مخالفت نہیں بلکہ اسے ختم کرنا چاہئے۔سناتن دھرم بہت سی سماجی برائیوں کے لیے ذمہ دار ہے جیسے کووڈ-19، ڈینگو، ملیریا مچھروں سے پھیلتا ہے، ہمیں کچھ چیزوں کی مخالفت نہیں کرنی چاہئے بلکہ انہیں ختم کردینا چاہئے، ان کا قلع قمع کیا جائے‘۔

اودیاندھی کے بیان کے بعد آئی ٹی سیل بھی سرگرم ہوگیا۔ امیت مالویہ نے کہا کہ تمل ناڈو کے وزیر سناتن دھرم کا موازنہ ملیریا اور ڈینگو سے کر رہے ہیں۔ انہوں نے سناتن دھرم کو ختم کرنے کی بات کہی، کیا ان کا خیال ہے کہ قتل عام کیا جانا چاہئے؟ ڈی ایم کے اپوزیشن انڈیا الائنس کا ایک اہم رکن ہے اور کانگریس کا اس سے دیرینہ اتحاد ہے۔ کیا ممبئی میں ہونے والی انڈیا میٹنگ میں اس پر کوئی معاہدہ ہوا تھا؟‘

اودیاندھی نے مالویہ کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’میں نے یہ نہیں کہا کہ سناتن دھرم کی پیروی کرنے والوں کا قتل عام کیا جانا چاہیے۔ سناتن دھرم، لوگوں کو ذات پات اور مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کا اصول ہے۔ قدامت پسندی کے خاتمہ سے انسانیت اور انسانی مساوات کو برقرار رکھنا چاہئے۔ میں اپنے ہر لفظ پر قائم ہوں۔ میں نے ان لوگوں کی طرف سے بات کی جو سناتن دھرم کی وجہ سے پسماندہ رہے۔ میں پیریار، امبیڈکر کے وسیع کاموں کو کسی بھی پلیٹ فارم پر پیش کرنے کے لیے تیار ہوں جنہوں نے معاشرے پر قدامت پسندی کے منفی اثرات پر گہری تحقیق کی ہے۔ اپنی تقریر کے اہم نکتہ کو دہراتے ہوئے کہا کہ ’ میرا ماننا ہے کہ سناتن دھرم بہت سی سماجی برائیوں کے لیے ذمہ دار ہے جیسے کووڈ-19، ڈینگو، ملیریا مچھروں سے پھیلتا ہے‘۔ عدالت یا عوامی عدالت میں کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔ جھوٹی خبریں پھیلانا بند کرو‘۔

ڈی ایم کے اپوزیشن اتحاد انڈیا کا شراکت دار ہے۔ اب این ڈی اے پارٹیاں اودیا ندھی کے تبصروں کے بہانہ انڈیا اتحاد کو نشانہ بنانے کی کوشش میں ہیں۔ سناتن دھرم سے متعلق اودیاندھی اسٹالن کے بیان کے بعد این ڈی اے اتحاد میں شامل پارٹیوں کے علاوہ ہندوتوا و بھگوا بریگیڈ کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں