بہار کے مدھے پورہ میں سکھاسن جامع مسجد کے امام پر بدمعاشوں نے فائرنگ کردی، حملہ میں حافظ برکت علی شدید زخمی

بہار میں نام نہاد سیکولر حکومت میں آئے دن مسلمانوں اور پسماندہ طبقات کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جس کی وجہ سے خوف و حراس کا ماحول ہے۔ تازہ معاملہ میں چار بدمعاشوں نے مسجد کے امام پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔ جرنومیرر کی رپورٹ کے مطابق مدھے پورہ میں جھٹ سبیلہ پنچایت کے بھیلوا وارڈ نمبر 1 کے رہنے والے حافظ برکت علی جو سکھاسن جامع مسجد کے امام ہیں کو مسجد سے گھر آتے وقت 4 مسلح بدمعاشوں نے حملہ کردیا، یہ غنڈے پہلے سے گھات لگاکر امام صاحب کے انتظار میں تھے۔ جیسے ہی حافظ برکت پہنچے ان پر شرپسندوں نے فائرنگ کردی۔ حملہ میں امام حافظ برکت علی شدید زخمی ہوگئے۔

گولیوں کی آواز سن کر جیسے ہی آس پاس کے لوگ جمع ہوگئے بدمعاش وہاں سے فرار ہوگئے۔ گولی امام صاحب کے دائیں ہاتھ میں لگی، جنہیں فوری طور پر جے این کے ٹی میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق امام صاحب کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اس معاملے پر آزاد سماج پارٹی کے قومی صدر چندر شیکھر آزاد راون کا کہنا ہے کہ مدھے پورہ سکھاسن جامع مسجد کے امام محمد برکت علی پر فائرنگ کرکے انہیں شدید زخمی کرنا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ انہوں نے امام صاحب کی جلد صحتیابی کی امید ظاہر کی۔

ایک اور اطلاع کے مطابق پولیس نے اس معاملہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم ابھی تک کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں