جی 20 سربراہ کانفرنس کےلئے انتظامات مکمل، دہلی کو دلہن کی طرح سجادیا گیا، سیکوریٹی کے سخت انتظامات

حیدرآباد (دکن فائلز) نئی دلّی کل سے شروع ہونے والی، جی ٹوینٹی کی اٹھارھویں سربراہ کانفرنس کی میزبانی کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ اِس کانفرنس میں شرکت کیلئے عالمی رہنماﺅں کے، یہاں پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ صدر امریکہ جو بائیڈن، ارجنٹینا کے صدر البرٹو فرنانڈیز، نائیجیریا کے صدر بولا احمد تِنوبو، ماریشس کے وزیر اعظم پروین جُگناتھ اور اٹلی کی وزیر اعظم جیورجیا مِلونی، نئی دہلی پہنچ چکے ہیں۔
میکسیکو کے وزیر معاشیات رقویل بیونروستو، یوروپی کمیشن کی صدر اُرسُلا وون دیر لین، یورپی کونسل کے صدر چارلس مشل، اقتصادی تعاون اور ترقی سے متعلق تنظیم کے سکریٹری جنرل میتھیاس کورمن، بین الاقوامی مالی فنڈ کی مینیجنگ ڈائرکٹر کرسٹالینا جیورجیوا، عالمی تجارتی تنظیم کی ڈائرکٹر جنرل نگوزی اکونجو بھی کانفرنس میں شرکت کیلئے نئی دلّی پہنچ گئے ہیں۔
ان شخصیتوں کا ہوائی اڈے پہنچنے پر گرمجوشی کے ساتھ خیرم مقدم کیا گیا اور انھیں روایتی بھارتی مقامی رقص اور موسیقی کے ساتھ استقبالیہ دیا گیا۔
بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر اے کے عبدالمومن نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعظم شیخ حسینہ آج دوپہر بھارت کے اپنے ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ ایک دو طرفہ میٹنگ کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ تین مفاہمت ناموں پر دستخط کئے جائیں۔ یہ مفاہمت نامے دونوں ملکوں کے درمیان زراعت سے متعلق تحقیق، ثقافتی تبادلے اور مالی لین دین میں سہولت پیدا کرنے سے متعلق ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن بھی آج نئی دلّی پہنچ جائیں گے۔ وہائٹ ہاﺅس نے بتایا کہ وہ عالمی معیشت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ کام کریں گے۔ وہائٹ ہاﺅس نے کہا ہے کہ صدر بائیڈن مختلف عالمی امور پر پیشرفت کو جاری رکھے جانے کے متمنی ہیں اور اُس نے اقتصادی اشتراک کے اہم وسیلے کے طور پر جی-ٹوئنٹی کے تئیں امریکی عہد کا اعادہ کیا ہے۔
بھارت منڈپم میں جو نئی دلّی کے پرگتی میدان میں جی ٹوینٹی رہنماﺅں کی سربراہ میٹنگ کا اصل مقام ہے، سربراہان مملکت اور اعلیٰ شخصیتوں کا استقبال کرنے کی پوری تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سربراہ اجلاس کےلئے دہلی کو دلہن کی طرح سجادیا گیا اور سیکوریٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی جی-ٹوئنٹی سربراہ کانفرنس کے موقعے پر تین دن کے دوران 15 سے زیادہ عالمی رہنماﺅں کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مودی آج اپنی رہائش گاہ پر امریکہ، بنگلہ دیش اور ماریشس کے لیڈروں کے ساتھ باہمی ملاقات کریں گے۔
کَل جی-ٹوئنٹی کی میٹنگوں کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی ، برطانیہ ، جاپان، جرمنی اور اٹلی کے رہنماﺅں کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔
اتوار کو مودی فرانس کے صدر Emmanuel میخوں کے ساتھ دوپہر کے کھانے پر میٹنگ کریں گے۔ مودی کناڈا کے ساتھ غیر رسمی میٹنگ کریں گے اور Comoros ، ترکیے، متحدہ عرب امارات، جنوبی کوریا، یوروپی یونین ، یوروپی کمیشن ، برازیل اور نائیجیریا کے رہنماﺅں کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں