حیدرآباد (دکن فائلز) بہار کے وزیر تعلیم نے پیغمبر اسلامﷺ کو مریادا پرشوتم قرار دیا۔ مردیادا پرشوتم سنسکرت لفظ ہے جبکہ مریادا کا ترجمہ راست باز، عزت دار ہے اور پروشوتم کا ترجمہ عظیم انسان ہوتا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پروفیسر چندر شیکھر نے جنم اشٹمی کے موقع پر بابا ابھے ناتھ دھام کے احاطے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’دنیا میں برائی بڑھتی جا رہی تھی، ایمانداری ختم ہو رہی تھی، دھوکے بازوں اور بدکرداروں کی تعداد بڑھ گئی تھی۔۔۔ ایسے میں خدا نے لوگوں کو راہ راست پر لانے کےلئے وسطی ایشیا میں مریادا پرشوتم محمد صاحب کو زمین پر بھیجا تھا‘۔
انہوں نے اس موقع پر ہندوؤں کے بھگوان رام کی بھی تعریف کی اور انہیں بھی مریادا پرشوتم سے خطاب کیا۔ بہارکے وزیر تعلیم کی جانب سے پیغمبر اسلام سے متعلق کئے گئے ریمارکس کے بعد بی جے پی رہنما ناراض ہوگئے۔ بی جے پی او بی سی مورچہ کے قومی جنرل سکریٹری نکھل آنند نے کہا کہ پروفیسر چندر شیکھر نے جنم اشٹمی پروگرام کے دوران بھگوان کرشن کے تقدس کو مجروح کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے آر جے ڈی پر تنقید کی۔
آنند کو اتنا غصہ آیا کہ انہوں نے چندر شیکھر کو ٹوپی پہننے، نماز پڑھنے، ختنہ کرانے اور پاکستان جانے تک کا مشورہ دے دیا۔