حیدرآباد (دکن فائلز) وزیر اعظم نریندرمودی نے آج سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ سعودی ولیعہد نے آج سے اپنے ہندوستان کے سرکاری دورہ کا آغاز کرتے ہوئے پہلے راشٹرپتی بھون پہنچے جہاں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندرمودی نے اُن کا استقبال کیا۔ بعد ازاں سعودی ولیعہد نے صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی اور اپنے مندوبین کا تعارف کروایا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد بن سلمان نے کہاکہ اُنہیں ہندوستان کے دورہ سے کافی خوشی ہورہی ہے۔ ہندوستان نے جی ٹوئنٹی اجلاس کافی منظم طریقہ سے منعقد کیا۔ کئی مسائل پر تبادلہ خیال کا موقع ملا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ کئی نئے معاملات سامنے آئے ہیں جن پر عمل کرنے کے بارے میں غور کیاجارہا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ نئے اقدامات پر عمل آوری سے دنیا کو کافی فائدہ ہوگا۔
وزیر اعظم نریندرمودی نے حیدرآباد ہاؤز میں سعودی عرب کے ولیعہد سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے اہم عہدیدار بھی شریک تھے۔ دونوں قائدین نے تعلیم، طب، ایندھن جیسے کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۰ سعودی عرب توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بھارت کا ایک کلیدی شراکت دار ہے۔