پنکچر بنانے والے کا بیٹا جج کے عہدہ پر فائز، احد کو اپنے والد پر فخر، والدین خوشی سے جھوم اٹھے

حیدرآباد (دکن فائلز) اتر پردیش کے پریاگ راج میں پنکچر کی دکان میں والد کے ساتھ سائیکل پنکچر بنانے مسلم نوجوان نے غربت کے باوجود محنت و سچی لگن کے ذریعہ نہ صرف اپنے خاندان کا بلکہ پوری قوم کا سرفخر سے بلند کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق احد احمد نے یوپی پی سی پی ایس جے میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ وہ اپنے والد کے کام میں ہاتھ بٹاتے تھے، احد اپنے والد کی پنچکر کی دکان پر پنچکر بنایا کرتے تھے جبکہ ان کی والدہ گھر میں کپڑے سلائی کرتی ہیں۔ انتہائی غربت کے باوجود احد نے اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز کی اور مشکلات کو اپنی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے نہیں دیا۔

احد احمد نے یوپی پی سی ایس جے یعنی جوڈیشل مجسٹریٹ کی بھرتی کے امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ امتحان لکھا اور کامیاب رہے۔اب وہ جج کے عہدہ پر فائز ہوں گے۔ احد کی کامیابی پر پریاگ راج میں خوشی کا ماحول ہے وہیں والدین بھی خوشی سے جھوم اٹھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ احد نے پی سی ایس جے امتحان کےلئے سلف اسٹڈی کی ہے وہ غربت کی وجہ سے کسی کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لینے کے اہل نہیں تھے۔

احد کو اپنے والد پر فخر ہے۔ احد کہتے ہیں کہ کوئی کام چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا۔ انہیں یہ کہتے ہوئے تھوڑی بھی شرم نہیں آتی کہ ان کے والد پنکچر بنانے کا کام کرتے ہیں لیکن اب وہ اپنے والد شہزاد احمد کو آرام دہ زندگی دینے کے خواہشمند ہیں۔ احد نے کہا کہ اب وہ اپنے والدین کی خوب خدمت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں