حیدرآباد (دکن فائلز) بہار کے وزیر تعلیم پروفیسر چندر شیکھر نے رام چرت مانس کی تشبیہ پوٹاشیم سائنائیڈ سے کردی، جس کے بعد ہندتوا تنظیموں کی جانب سے ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چندر شیکھر نے کہا کہ قدیم صحیفے جیسے رام چرت مانس میں موجود کچھ عناصر (باتوں) کو “پوٹاشیم سائینائیڈ” سے تشبیہ دی جا سکتی ہے۔ آر جے ڈی لیڈر نے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ صرف میرا خیال نہیں ہے بلکہ ہندی کے عظیم ادیب ناگ ارجن اور سوشلسٹ مفکر رام منوہر لوہیا نے بھی کہاکہ رام چرت مانس میں بہت سے رجعت پسندانہ خیالات ہیں‘۔ پروفیسر چندر شیکھر نے یہ بھی کہا کہ رام چرت مانس میں بے شمار اچھی باتیں بھی ہیں لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’اگر کسی دعوت میں 55 قسم کے لذیذ کھانوں پر پوٹاشیم سائینائیڈ چھڑک کر پیش کیا جائے تو کیا یہ پکوان کھانے کے قابل رہتے ہیں‘۔
پروفیسر چندر شیکھر نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کی پرزور حمایت کی۔ وہیں ان کے بیان پر بی جے پی کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا۔


