منی پور میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ یہاں ایک اور دردناک واقعہ پیش آیا، گاؤں میں فوج کے ایک جوان کو اس کے گھر سے اغوا کیا گیا اور اسے قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فوجی جوان سرتو تھانگتھنگ کوم چھٹی پر گھر آئے ہوئے تھے۔ اس دوران گذشتہ روز صبح 10 بجے نامعلوم مسلح افراد نے امپھال میں واقع ان کے گھر سے اغوا کیا گیا۔ آج صبح ان کی لاش ملی۔
مہلوک فوجی کے 10 برس کے فرزند نے جو اس واقعہ کے عینی شاہد ہیں بتایا کہ تین نامعلوم افراد ان کے گھر میں داخل ہوئے اور ان کے والد کی پیشانی پر پستول رکھ کر انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔ آج فوجی جوان کی لاش امپھال کے مونگجام میں کھننگتھیک گاؤں سے ملی۔ فوجی کی شناخت کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق فوجی کو اغوا کرکے سر میں گولی ماری گئی۔
فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’ہم سرتو تھانگتھانگ کوم کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس مشکل وقت میں ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق آخری رسومات خاندان کی خواہش کے مطابق ادا کی جائیں گی جبکہ فوج نے خاندان کی ہر ممکن مدد کے لیے ایک ٹیم روانہ کیا ہے۔