پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کا آغاز: وزیراعظم نریندر مودی نے ایوان کے 75 سالہ سفر پر تقریر کی

حیدرآباد (دکن فائلز) وزیر اعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ گزشتہ 75 برسوں میں پارلیمنٹ کی سب سے بڑی کامیابی اس پرلوگوں کا مسلسل بڑھتا ہوا اعتماد ہے۔ آج لوک سبھا میں ’سمویدھان سبھا‘، حصولیابیوں تجربات، یادوں اور سیکھنے کے عمل سے شروع ہونے والے 75 سال کے پارلیمنٹ کے سفر پربحث کا آغاز کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس، جس نے بھارتی جمہوریت کے تمام اُتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، عوامی اعتماد اور بھروسے کا مرکز رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتیوں کی کامیابی کا ہر جگہ چرچا ہو رہا ہے اور یہ ملک کی پارلیمنٹ کی 75 سالہ تاریخ کے دوران متحدہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ مودی نے کہاکہ چندریان -3 کی کامیابی نے نہ صرف بھارت بلکہ دنیا کو بھی ترقی دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چندریان 3 نے بھارت کی طاقت کی ایک نئی شکل کو اجاگر کیا ہے جو سائنس، ٹیکنالوجی، بھارتی سائنسدانوں کی صلاحیت اور ملک کے 140 کروڑ لوگوں کی طاقت سے وابستہ ہے۔

وزیراعظم نے کل سے پارلیمنٹ کے اجلاس کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں منتقل کرنے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس تاریخی عمارت کو الوداع کہہ رہے ہیں جو آزادی سے قبل Imperial Legislative Council تھی۔ مودی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی عمارت کی تعمیر کا فیصلہ غیر ملکی حکمرانوں نے لیا تھا، لیکن قوم اِس بات کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی کہ عمارت کی تعمیر میں، جو محنت، پسینہ اور پیسہ خرچ ہوا وہ ہمارے ہم وطنوں کا تھا۔

مودی نے نے اس مہینے قومی دارالحکومت میں منعقدہ G20 سربراہ کانفرنس کی کامیابی کا بھی ذکرکیا۔ انہوں نے کہا کہ جی 20 کی کامیابی بھارت کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سبھی کو اِس کا جشن منانا چاہئے، کیونکہ اس کا تعلق کسی ایک فرد یا جماعت سےنہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو فخر ہوگا کہ اس کی صدارت کے تحت افریقی یونین جی ٹوینٹی کا رکن بنا۔ یہ پارلیمنٹ کے75 سال کے سفر کو یاد کرتے ہوئے آگے بڑھنے کاوقت ہے۔

لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کی اس پرانی عمارت سے باہر نکلنا اور عمارت کو الوداع کہنا سبھی کے لئے واقعی ایک جذباتی لمحہ ہے۔ ڈی ایم کے رہنما ٹی آر بالو نے بھی اظہار خیال کیا۔ پارلیمنٹ میں بحث جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں