مصر کی جامعہ الازہر کے شیخ ڈاکٹر احمد الطیب نے کہا ہے کہ مردوں کو ایک بیوی پر اکتفا کرنا چاہیے۔ ایک سے زیادہ شادی کے قائل افراد غلط فہمی کا شکار ہیں۔
شیخ الازہر ڈاکٹر احمد الطیب نے قاہرہ میں میڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں مزید کہا کہ دوسری شادی اکثر بیوی اور بچوں پر ظلم کا باعث بنتی ہیں۔ ایک سے زائد شادی کے مسئلے کو غلط انداز میں سمجھا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سے زائد شادی سے متعلق آیات کو انتہائی تدبر سے پڑھنا اور سمجھنا چاہیے۔ مسلمان مرد کو ایک بیوی کی موجودگی میں دوسری شادی کی آزادی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسری شادی کی اجازت ٹھوس وجوہات سے مشروط ہے۔ شیخ الازہر کا کہنا تھا کہ وجوہات کمزور ہونے پر دوسری شادی کی اجازت منسوخ ہوجائے گی۔ دوسری شادی شرعی حق ہے جسے حرام قرار دینے اور نہ پابندی عائد کرنے کا خواہاں ہوں۔
شیخ الازہر نے کہا کہ شرعی حق کو غلط انداز میں استعمال کرنے کے خلاف ہوں۔ سخت شرائط عائد کرکے اس شرعی حق کو غلط استعمال سے روکنا ضروری ہے۔