حیدرآباد (دکن فائلز) زرعی سائنسداں ایم ایس سوامی ناتھن جنہیں ہندوستان کے سبز انقلاب کا بانی کہا جاتا ہے، آج چینائی میں اُن کا انتقال ہوگیا۔ وہ 98 برس کے تھے۔ انھوں نے اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔
1960 میں قحط جیسی صورتحال سے ملک کو بچانے کیلئے سوامی ناتھن نے اپنی پالیسیوں کے ذریعہ ایک سماجی انقلاب پیدا کیا تھا۔ انھوں نے ایم ایس سوامی ناتھن ریسرچ فاؤنڈیشن قائم کیا اور گیہوں کی زیادہ پیداوار کے بیج تیار کرنے میں ایک اہم رول ادا کیا، جس کے سبب ہندوستان میں سبز انقلاب آیا۔
1972 سے 1980 کے درمیان زرعی تحقیق کی ہندوستانی کونسل کے ڈائرکٹر جنرل اور 1982 اور 1988 کے درمیان چاولوں سے متعلق بین الاقوامی تحقیقی ادارے کے ڈائرکٹر جنرل رہے۔ سوامی ناتھن کو مختلف بین الاقوامی ایوارڈ اور اعزاز بھی عطا کیے گئے۔ انہیں پدم شری، پدم بھوشن اور پدم ویبھوشن سے بھی نوازا گیا۔