بنگلور کا بس اسٹاپ چوری ہوگیا!

حیدرآباد (دکن فائلز( اکثر ایسا مانا جاتا ہے کہ بس اسٹاپس پر جیب کترے رہتے ہیں جو لوگوں کی رقم اور قیمتی چیزوں پر اپنا ہاتھ صاف کرتے ہیں لیکن کرناٹک کے بنگلور میں چوروں نے بس اسٹاپ پر ہی اپنا ہاتھ صاف کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق چوروں نے بنگلور میں بس اسٹاپ ہی چوری کرلیا۔ کننگھم روڈ پر بنگلور میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے ایک خوبصورت بس اسٹاپ تعمیر کیا گیا تھا جس پر تقریباً 10 لاکھ روپے خرچ کئے گئے تھے۔

بس اسٹاپ کو اسٹینلیس اسٹیل سے تیار کیا گیا تھا، شاطر چوروں نے پورے کا پورا بس اسٹاپ ہی چوری کرلیا۔ بس اسٹاپ تیار کرنے والی کمپنی نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے بس اسٹاپ تیار کیا اور 21 اگست کو اس کا افتتاح کیا گیا لیکن 28 اگست کو بس اسٹاپ غائب ہوگیا۔ جب بی بی ایم پی سے دریافت کیا گیا کہ آیا کارپوریشن نے بس اسٹاپ کو یہاں سے ہٹایا گیا؟ تو بی بی ایم پی نے ایسی کسی کاروائی سے انکار کیا۔

اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کرائی گئی۔ بس اسٹاپ چوری ہونے سے مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق اس طرح کے بس اسٹاپ چوری کے معاملے ماضی میں بھی رونما ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں