صہیونی ریاست پر دندان شکن حملہ، ایران کی حماس کو مبارکباد، اسماعیل ہانیہ کے سجدہ شکر کی ویڈیو جاری (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) اسرائیل پر کامیاب حملے کے بعد حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی سجدہ شکر بجالانے کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مظلوم فلسطینی جنگجو تنظیم حماس کی جانب سے آج اسرائیل پر 5 ہزار سے زائد کامیاب راکٹ فائر کیے گئے جس میں کم از کم 40 اسرائیلی ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حملوں کے بعد حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور دیگر اراکین کی اللہ کے حضور سجدہ شکر بجالانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسماعیل ہنیہ اور دیگر اراکین ٹی وی پر حماس کے کامیاب حملے کی خبریں دیکھ رہے ہیں جس کے بعد تمام افراد نے مل کر سجدہ شکر ادا کیا۔

ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کے مشیر رحیم صفوی نے فلسطینی مزاحمت کاروں کو اسرائیل پر حملہ کرنے پر مبارک باد دی ہے۔ رحیم صفوی نے کہا کہ ہم فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی تک فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قابض صہیونی ریاست پر حملہ کرنے پر ہم حماس کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

وہیں مصر اور ترکی نے صورت حال کے سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے تحمل اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔

دوسری جانب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے مجاہدین نے 35 صہیونی فوجیوں کو قیدی بھی بنالیا ہے جبکہ اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 7 فسلطینیوں کو شہید کردیا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے رواں سال 250 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں