دشمن کی طاقت کا گھمنڈ چند منٹوں میں خاک میں ملادیا: حماس رہنما اسماعیل ہنیہ

(ایجنسیز) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے اسرائیل پر حماس کے بڑے راکٹ حملے کے بعد کہا ہے کہ، جنگ صہیونیت کےقلب میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمت نے چند منٹوں کے اندر اندر دشمن کی طاقت کا گھمنڈ خاک میں ملاتے ہوئے طاقت کا توازن پاش پاش کردیا۔

 حماس رہنما نے پوری فلسطینی قوم سے اپیل کی کہ جارح دشمن کے خلاف پوری تیاری کےساتھ ہر محاذ پر لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ اسرائیلی دشمن مسجد اقصیٰ اور دوسرے مقدسات کے خلاف ایک خطرناک چال چل رہا ہے۔ مسجد اقصیٰ خطرے میں ہے اور ہمیں اس کا دفاع کرنا ہے۔

اسماعیل ہنیہ حماس کے سربراہ نے مزید کہا حماس اس جنگ میں اپنی فتح کی دہلیز کے قریب تر ہے۔ ہم اس وقت ایک عظیم کامیابی کے قریب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اسماعیل ہنیہ نے حماس کے زیر انتظام چلنے والے الاقصی ٹی وی پر اپنی تقریر میں کیا ہے۔

وہ بڑے پرجوش انداز میں کہہ رہے تھے ’’کہ ہم غزہ کے محاذ پر ایک عظیم اور واضح فتح پانے والے ہیں ہماری سرزمین فلسطین پر اسرائیلی قبضہ بہت ہو چکا۔‘‘ اب ہماری سرزمین کو آزاد کرانے اور قیدیوں کو جیلوں سے چھڑانے کے لئے انتفاضہ کا سلسلہ مکمل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں اور وہاں کے مطالبات کے لیے نہیں لڑ رہے ہیں۔ ہم ایک مظلوم قوم ہیں جسے دشمن سے آزادی حاصل کرنے کی جنگ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں