حیدرآباد (دکن فائلز) بابری مسجد فیصلہ میں سپریم کورٹ کی جانب سے مسجد کےلئے دی گئی زمین پر تعمیر ہونے والی مسجد کا نام آج ممبئی میں ایک پروگرام میں رکھا گیا جبکہ اس موقع پر مسجد کی تصویر کی بھی رونمائی انجام دی گئی۔ ممبئی میں منعقدہ پروگرام میں علمائے کرام نے شرکت کی اور ان کی موجودگی میں مسجد کا نام ’محمد بن عبداللہ‘ رکھا گیا۔ مسجد کے نام کا اعلان مہاراشٹرا اقلیتی کمیشن کے سابق چیرمین حاجی عرفات شیخ نے کیا جبکہ اس موقع پر اترپردیش سنی وقف بورڈ کے چیرمین ظفر فاروقی بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ایودھیا کے دھنی پور میں مسجد کی تعمیر کےلئے زمین الاٹ کی گئی تھی لیکن ابھی تک مسجد تعمیر کا کام شروع نہ ہوسکا۔ بتایا جارہا ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے مسجد کی تعمیر کے کاموں میں تاخیر ہورہی ہے۔