ظالم ہمیشہ ظالم کے ساتھ کھڑا ہوگا! اسرائیل کی تائید اور حماس کو دہشت گرد قرار دینے پر مولانا توقیر رضا نے نریندر مودی پر تنقید کی

حیدرآباد (دکن فائلز) اسرائیل اور فلسطین جنگ کے درمیان آج دہلی میں مسلم دانشوروں کی جانب سے ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم مودی کی جانب سے اسرائیل کی تائید پر تنقید کی گئی۔ پریس کلب آف انڈیا میں منعدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف سنی عالم دین مولانا توقیر نے کہا کہ حماس کو غیرضروری طور پر دہشت گرد قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس اپنے ملک سے محبت کرتی ہے اور اپنے ملک کی حفاظت کےلئے قابض و ظالم اسرائیل سے لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کےلئے لڑنے والوں کو اگر دہشت گرد کہا جائے تو پھر ہندوستان کی آزادی کےلئے جن مجاہدین نے اپنی جانوں کی قربانی کی تھی کیا انہیں بھی دہشت گرد کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی تائید کرکے وزیراعظم نریندر مودی نے بی جے پی کی روح کے خلاف کام کیا ہے۔

مولانا توقیر رضا خان نے کہا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ وزیراعظم کو فلسطینیوں کا درد اور ان کی مظلومیت نظر کیوں نہیں آتی؟ انہوں نے نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ظالم ہمیشہ ظالم کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے‘۔

اس موقع پر سینئر ایڈوکیٹ محمود پراچہ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور اقوام متحدہ کی جانب سے حماس کو کبھی بھی دہشت گرد تنظیم قرار نہیں دیا گیا تو پھر وزیراعظم نریندر مودی کس طرح حماس کو دہشت گرد تنظیم کہہ سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں