حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش کے کانپور میں مسجد کے ایک امام صاحب نے مالی تنگی کے سبب خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئے۔ امراجالا کی رپورٹ کے مطابق پھپھونڈ تھانہ علاقہ کے نند پور گاؤں کی مسجد میں جمعہ کی صبح امام صاحب کی لاش کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔ نماز پڑھنے آئے لوگوں کی اطلاع کے بعد پولیس مسجد پہنچی اور کمرہ کا دروازہ توڑ کر لاش کو نیچے اتارا۔ اس معاملہ میں تحقیقات کی جارہی ہے۔
مسجد کے مصلیوں نے بتایا کہ کانپور دیہات کے رسول آباد تھانہ علاقے میں رہنے والے حافظ محمد ذیشان رضا، نند پور گاؤں کی مسجد میں امام تھے اور مسجد کے ایک کمرہ میں رہتے تھے۔ گذشتہ جمعرات عشا کی نماز کی ادائیگی کے بعد وہ اپنے کمرہ میں چلے گئے۔ جمعہ کو فجر کی نماز کےلئے آئے مصلیوں نے جب امام صاحب کو بلانے کمرہ پہنچے تو دیکھا اندر سے کمرہ بند ہے اور تمام صاحب کوئی جواب نہیں دے رہے ہیں۔ اس کے بعد پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ امام صاحب کے افراد خاندان نے کہا کہ حافظ محمد ذیشان معاشی تنگی کی وجہ سے پریشان تھے۔ انہوں نے مالی تنگی کے سبب انتہائی اقدام کیا۔ افراد خاندان نے پولیس کو ایک تحریری درخواست دیکر پوسٹ مارٹم نہ کرنے کی گذارش کی جس کے بعد پولیس نے لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا جس کے بعد حافظ محمد ذیشان کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور تدفین عمل میں آئی۔ اس موقع پر دوست احباب، رشتہ دار و مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ مسلمانوں کےلئے عبرت کا مقام ہے۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی مساجد کے امام و موذن صاحب کا خیال رکھے اور انہیں بہتر زندگی بسر کرنے کے لئے خوب مالی مدد کریں۔