وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ترقی یافتہ بھارت بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، جو خود کفیل ہو اور ہر ایک کو اپنے خواب پورے کرنے کیلئے مساوی حقوق حاصل ہوں۔ نئی دلّی کے دوارکار میں دسہرہ تقریبات کے دوران ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے ذات پات کے نظام اور علاقائیت جیسے لوگوں کے درمیان فرق کرنے والے نظاموں کو ختم کرنے پر زور دیا کیونکہ اِس سے سماج میں یکجہتی کو نقصان پہنچتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج راوَن کا دہن صرف کسی پتلے کو جلائے جانے کے لئے نہیں ہونا چاہیے بلکہ اُن طاقتوں کو بھی ختم کرنے کیلئے ہونا چاہیے، جو ذات پات اور علاقائیت کے نام پر بھارت ماں کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے والا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت آج دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور سب سے زیادہ قابل بھروسہ جمہوریت کے طور پر ابھر رہا ہے۔اِس موقع پر مودی نے سبھی کو یہ کہہ کر دسہرہ اور وجئے دشمی کی مبارکباد دی کہ یہ تہوار بدی پر نیکی کی جیت کی علامت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وجے دشمی پر شستروں کی پوجا کی روایت رہی ہے اور بھارت کی سرزمین پر ہتھیاروں کو کسی دوسری سرزمین پر غلبہ حاصل کرنے کیلئے نہیں بلکہ اپنی سرزمین کے تحفظ کیلئے پوجا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری شکتی پوجا، صرف بھارت کیلئے نہیں بلکہ پوری دنیا کی فلاح و بہبود کیلئے ہے۔وزیر اعظم نے لوگوں کو 10 حلف لینے کی بھی تاکید کی، جن میں کم سے کم ایک غریب خاندان کے سماجی و اقتصادی مرتبے کو بلند کرنا شامل ہے۔ اس کے بعد ’ووکل فار لوکل‘ کے منتر پر عمل، ڈیجیٹل طریقے سے لین دین کو بڑھاوا دینا، پانی کو بچانا اور بھارت میں بنی مصنوعات استعمال کرنا شامل ہے۔