غزہ جنگ بندی قرارداد سے متعلق ہندوستانی موقف پر پرینکا گاندھی نے حیرت کا کیا اظہار، کہا میں شرمندہ ہوں

حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج اقوام متحدہ میں غزہ جنگ بندی پر ووٹنگ میں ہندوستان کی غیرحاضری پر حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں انسانیت کو تباہ کیا جا رہا ہے، یہ ان اقدار کے خلاف ہے جن پر ہمارا ملک قائم رہا ہے۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ “آنکھ کے بدلے آنکھ پوری دنیا کو اندھا کر دیتی ہے”، مہاتما گاندھی۔ میں حیران اور شرمندہ ہوں کہ ہمارے ملک نے غزہ میں جنگ بندی کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔‘‘ انہوں نے ہندوستان کے پرانے اصولوں کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی بنیاد عدم تشدد اور سچائی کے اصولوں پر رکھی گئی تھی، وہ اصول جن کے لیے ہمارے آزادی پسندوں نے اپنی جانیں قربان کیں، یہ اصول آئین کی بنیاد ہیں، جو ہماری قومیت کا تعین کرتے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہا، ’’وہ ہندوستان کی اخلاقی جرات کی نمائندگی کرتے ہیں، جس نے بین الاقوامی برادری کے رکن کے طور پر اس کے اقدامات کی رہنمائی کی ہے۔‘‘

پرینکا گاندھی نے غزہ کے حالات پر کہا کہ ’انسانیت اور قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، لاکھوں لوگوں کے لیے غذا، پانی، طبی اشیا، مواصلات اور بجلی منقطع کر دی گئی۔ ہزاروں خواتین اور بچوں کو ہلاک کیا جارہا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر ایک موقف اختیار کرنے سے انکار کرنا اور ہر اس چیز کے خلاف جس کے لیے ہمارا ملک بحیثیت قوم کھڑا رہا، خاموش تماشائی بنے رہنا ناقابل قبول ہے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں