حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس کے سینئر رہنما و راجستھان کے وزیر سچن پائلٹ اور جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ کی دختر سارہ عبداللہ میں طلاق ہوگیا۔ اس بات کا انکشاف سچن پائلٹ کی جانب سے پرچہ نامزدگی کے حلف نامہ میں کیا گیا۔ کانگریس رہنما نے سارہ سے طلاق کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا اور نہ ہی سارہ کی جانب سے اس طرح کا کوئی بیان جاری کیا گیا۔ حلف نامہ میں یہ واضح نہیں ہے کہ دونوں کے درمیان طلاق کب ہوئی تھی۔
سچن پائلٹ نے راجستھان میں اسمبلی انتخابات کےلئے اپنے پرچہ نامزدگی کے حلف نامہ میں شریک حیات کی تفصیلات سے متعلق کالم میں انہوں نے ’طلاق شدہ‘ تحریر کیا ہے۔ پائلٹ اور سارہ کے درمیان طلاق کا پہلی بار انکشاف ہوا ہے جبکہ یہ واضح نہیں ہے کہ دونوں کے درمیان طلاق کب ہوئی اور کس وجہ سے دونوں نے علحدگی کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ سارہ عبداللہ سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی بہن ہوتی ہیں۔ ان کی سچن پائلٹ سے شادی 2004 میں ہوئی تھی۔ ان کے دو بیٹے آران اور وہان ہیں۔ سچن پائلٹ نے حلف نامہ میں دونوں بیٹوں کی کفالت کا ذکر کیا ہے۔


