حیدرآباد (دکن فائلز) ملک میں خاصکر بی جے پی اقتدار ریاست میں تہذیب و ثقافت کے نام پر شہروں، علاقوں و دیگر چیزوں کا نام بدلنے کا فیشن ہوگیا ہے۔ خاص کر مسلم ناموں سے منسوب مقامات کا نام تبدیل کیا جارہا ہے۔ اترپردیش میں پہلے الہ آباد اور فیض آباد کا نام تبدیل کیا گیا لیکن اب علیگڑھ کا نام بھی بہت جلد تبدیل ہونے کا خدشہ ہے۔
علی گڑھ میونسپل کارپوریشن نے متفقہ طور پر شہر کا نام بدل کر ہری گڑھ رکھنے کی تجویز کو منظور دی ہے۔ یہ تجویز گذشتہ روز ایک اجلاس میں میئر پرشانت سنگھل نے پیش کی تھی جبکہ تمام کونسلرس نے متفقہ طور پر اس کی تائید کی۔ اب اس تجویز کو اتر پردیش حکومت کو بھیجا جائے گا، جس کے بعد علی گڑھ کا نام تبدیل کرکے ہری گڑھ کرنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔
جنوری 2019 میں الہ آباد کا نام تبدیل کر کے پریاگ راج کردیا گیا تھا۔ اسی طرح مغل سرائے کا نام بدل کر پنڈت دین دیال اپادھیائے نگر اور فیض آباد ضلع کا نام بدل کر ایودھیا کیا گیا۔ یہی نہیں یوگی ادتیہ ناتھ کی حکومت نے کئی پروجیکٹوں اور اسکیموں کا نام بھی بدل دیا ہے۔
علی گڑھ کے میئر پرشانت سنگھل نے بتایا کہ مجھے امید ہے کہ انتظامیہ تجویز پر نوٹس لے گی اور علی گڑھ کا نام بدل کر ہری گڑھ کرنے کی ہماری تجویز کو منظوری ملے گی۔