مدرسے کے طلبا کی خاتون شاعرہ کو غیراخلاقی انداز میں داد۔۔۔ وائرل ویڈیو پر وبال، دارالعلوم دیوبند کی تردید، مولانا سجاد نعمانی کا سخت ردعمل

((مشاعرہ کا ویڈیو انتہائی واہیات ہے اور قابل اعتراض ہے، اسی لئے ’دکن فائلز‘ نے اس ویڈیو کو شائع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کچھ طلبا کی غلط حرکت کی وجہ سے سارے مدارس کے طلبا کو بدنام نہیں کیا جاسکتا۔ اسی لئے صرف مولانا سجاد نعمانی صاحب کے مذمت بیان کا ویڈیو ہی شائع کیا جارہا ہے۔ایک طرف غزہ کے انتہائی ابتر حالات کی وجہ سے عالم اسلام میں غم و غصہ کی لہر پائی جاتی ہے، اس دوران اس طرح کا ویڈیو انہتہائی شرمناک ہے۔ ))

حیدرآباد (دکن فائلز) دارالعلوم دیو بند کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جو ایک مشاعرہ کی ویڈیو ہے جس میں ایک بے پردہ خاتون شاعرہ رومانی کلام سنارہی ہیں جبکہ مبینہ طور پر مدرسے کے طلبا کو شور شرابہ کرتے اور ہڑبونگ مچاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد متعدد علمائے کرام کی جانب سے شدید ردعمل ظاہر کیا گیا ہے۔

وہیں معروف عالم دین مولانا سجاد نعمانی نے انتہائی شرمناک واقعہ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک ویڈیو بیان جاری کیا۔ انہوں نے مدرسوں کے طلبا کی حرکت پر صدمہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے محفل کے انعقاد پر بھی سوال اٹھائے اور اپنا غصہ ظاہر کیا۔

https://www.youtube.com/watch?v=cVvd3TJD8s0

دارالعلوم دیوبند کی جانب سے پورے معاملے پر ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ’سوشل میڈیا پر ایک مشاعرہ کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں شاعرہ مائک پر اشعار پڑھ رہی ہیں، اس کے ارد گرد طلبہ مدارس کی بھیڑ ہے۔ اس سلسلے میں وضاحت کی جاتی ہے کہ اس مشاعرہ اور مشاعرہ گاہ کا دارالعلوم دیو بند سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اگر اس طرح کے کسی پروگرام میں دارالعلوم دیوبند کے طلبا نے شرکت کی ہوتو ادارے کی جانب سے تحقیق کرکے اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

اطلاع کے مطابق یہ مشاعرہ گذشتہ 2 نومبر کو دارالعلوم دیوبند کے محمود ہال میں منعقد کیا گیا تھا جبکہ اس کا انعقاد دارالعلوم دیوبند کی جانب سے نہیں کیا گیا بلکہ دیگر افراد نے اس شرمناک محفل کا انعقاد کیا تھا اور مہمان شعرا کے طور پر خاتون شاعرہ کو بھی مدعو کیا گیا۔

ویڈیو میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون شاعرہ مدرسے کے طلبا کی بھیڑ کے درمیان انتہائی نامناسب عاشقانہ کلام سنارہی ہیں، جس پر طلبا انتہائی غیرمہذبانہ و انتہائی غیراخلاق انداز میں داد دے رہے اور عجیب و غریب حرکتیں کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں