حیدرآباد (دکن فائلز) اتر پردیش میں داعش سے مبینہ تعلق کے الزامات میں متعدد مسلم نوجوانوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق قبل ازیں گرفتار تینوں ملزمین کے انکشافات کے بعد تازہ گرفتاریاں کی گئیں۔ اتر پردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے ریاست کے مختلف علاقوں سے مبینہ طور پر آئی ایس آئی ایس کے کام کرنے کے الزام میں چھ مشتبہ کارکنوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جن میں چار کی شناخت رقیب انعام، نوید صدیقی، محمد نعمان اور محمد ناظم کے طور پر کی گئی۔ حکام کے مطابق ملزمین علیگڑھ مسلم یونیورسٹی طلبا تنظیم سے وابستہ ہیں اور وہ تنظیم کے ذریعہ منعقد پروگرامز میں ایک دوسرے سے ملے تھے۔
اتر پردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے مطابق، ملزمان دہشت گردانہ حملہ کا منصوبہ بنارہے تھے۔ ذرائع کے مطابق اب علی گڑھ یونیورسٹی کے دیگر طلبہ بھی مرکزی اداروں کے ریڈار پر ہیں۔ چار گرفتار ملزمین میں دو اے ایم یو کے سابق طلبا ہیں جبکہ ایک زیرتعلیم ہے۔