مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں ووٹنگ کا عمل جاری

مدھیہ پردیش میں واحد مرحلے میں سبھی 230 نشستوں پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ ووٹ ڈالنے کا عمل صبح سات بجے شروع ہوا جو شام چھ بجے تک جاری رہے گا۔ البتہ بالاگھاٹ ضلع کی بائہار، لنجی اور پرسوارا اسمبلی حلقوں اور مانڈیا اور دندوری ضلعوں کے کچھ بوتھوں میں ووٹنگ سہ پہر تین بجے تک ہوگی۔ 252 خواتین سمیت دوہزار 533 امیدوار چناو میدان میں ہیں۔

چناو میدان میں سرکرہ امیدواروں میں وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، مرکزی وزراءاور بی جے پی لیڈران نریندرسنگھ تومر، پرہلادپٹیل اور پھگن سنگھ کلستے اور پارٹی لیڈر کیلاش وجے ورگیے شامل ہیں جبکہ کانگریس کی طرف سے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ، سینئر لیڈر ڈاکٹر گووندسنگھ، جیتو پٹواری اور جے وردھن سنگھ ممتاز ناموں میں شامل ہیں۔

پولنگ کیلئے 64 ہزار سے زیادہ بوتھ قائم کئے گئے ہیں ان میں سے پانچ ہزار 160 پنک بوتھ ہیں جن کا بندوبست خواتین سنبھال رہی ہیں جبکہ 183 بوتھ کی ذمہ داری دویانگ جن اور 371 بوتھوں کی ذمہ داری نوجوان سنبھال رہے ہیں۔

اعلیٰ انتخابی افسر انوپم راجن نے ریاست میں رائے دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ جمہوریت کو مستحکم کرنے میں سرگرمی سے شرکت کریں۔

چھتیس گڑھ میں کُل 90 اسمبلی حلقوں میں سے 70 اسمبلی حلقوں کے تحت دوسرے اور آخری مرحلے کی ووٹنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ ووٹنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی اور شام پانچ بجے ختم ہوجائے گی۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ صبح سے ہی کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر لوگوں کی لمبی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔

18 ہزار 800 سے زیادہ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ اِن میں سے 700 ، Sangwari پولنگ اسٹیشن ہیں جن کی ذمہ داری صرف خواتین ہی سنبھال رہی ہیں۔ اس مرحلے میں 958 امیدوار چناو میدان میں ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس سبھی 70 حلقوں میں چناو لڑ رہی ہیں۔

اعلیٰ انتخابی افسر رینا کنگالا نے بتایا کہ آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن چناو کو یقینی بنانے کیلئے حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس کے علاوہ سینٹرل سکیورٹی فورسز بھی تعینات کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں