حیدرآباد (دکن فائلز) اتر پردیش کی حکومت نے 18 نومبر کو حلال ٹیگ والی غذائی مصنوعات پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فوڈ کمشنر کے دفتر کی جانب سے جاری ایک حکم نامے کے مطابق ’تصدیق شدہ حلال مصنوعات کی تیاری، ذخیرہ کرنے، تقسیم کرنے اور فروخت کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
اتر پردیش میں اب تصدیق شدہ حلال غذائی اشیا پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے اس معاملہ کا نوٹس لینے کے ایک ہفتہ بعد پابندی سے متعلق احکامات جاری کئے گئے۔ حکمنامہ کے مطابق تصدیق شدہ حلال مصنوعات کے بنانے، ذخیرہ، تقسیم اور فروخت پر فوری اثر کے ساتھ پابندی عائد کردی گئی اور اگر اترپردیش میں تصدیق شدہ حلال دوائیں، طبی آلات، میک اپ و دیگر اشیا تیار کرنے، محفوظ کرنے، تقسیم اور خرید و فروخت کرتے پائے جانے پر متعلقہ شخص یا فرم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Uttar Pradesh | Food Commissioner's Office issues order, "In the interest of public health, production, storing, distribution and sale of halal certified edible items banned in Uttar Pradesh with immediate effect." pic.twitter.com/G9GXLPj83n
— ANI UP/Uttarakhand (@ANINewsUP) November 18, 2023
حکم نامے میں کہا گیا کہ کھانے کی مصنوعات کی حلال سرٹیفیکیشن ایک متوازی نظام ہے جو کھانے کی اشیاء کے معیار کے حوالے سے الجھن پیدا کرتا ہے اور مذکورہ ایکٹ کے سیکشن 89 کے تحت قابل عمل نہیں ہے۔
یہ پیشرفت ایک کمپنی اور چند دیگر تنظیموں کے خلاف مبینہ طور پر ’لوگوں کے مذہبی جذبات کا استحصال‘ کرنے کے لیے جعلی حلال سرٹیفکیٹ فراہم کر کے فروخت کو بڑھانے سے متعلق پولیس میں شکایت اور مقدمہ درج کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔ یہ مقدمہ حلال انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ چنئی، جمعیت علمائے ہند حلال ٹرسٹ دہلی، حلال کونسل آف انڈیا ممبئی، جمعیۃ علماء مہاراشٹرا اور دیگر جیسے اداروں کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں مبینہ طور پر مذہبی جذبات کا استحصال کرنے کے لیے حلال سرٹیفکیٹ فراہم کر کے فروخت کو بڑھاوا دیا گیا ہے۔