مشہور بالی وڈ گلوکارہ کا کیرالہ یونیورسٹی میں کانسرٹ، بھگدڑ مچنے سے 4 طالبعلم ہلاک

بالی ووڈ کی میگا تھرلر ایکشن فلم “ٹائیگر 3″ کی گلوکارہ نکیتا گاندھی کے میوزک کانسرٹ کے دوران بھگدڑ مچنے سے چار طلبا ہلاک ہوگئے جبکہ 60 سے زائد طلبا زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کیرالہ کی کوچین یونیورسٹی میں سالانہ تہوار کے دوران میوزک کانسرٹ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں گلوکارہ نکیتا گاندھی نے پرفارم کرنا تھا، کانسرٹ کا انعقاد یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں کیا گیا جس میں ایک ہزار سے پندرہ سو افراد کی گنجائش تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آڈیٹوریم میں داخلے کی اجازت صرف اُن طلبا کو تھی جن کے پاس کانسرٹ کی ٹکٹ تھی لیکن گلوکارہ نکیتا گاندھی کے اسٹیج پر آنے سے پہلے ہی بارش شروع ہوگئی تھی۔ بارش کی وجہ سے آڈیٹوریم میں بھگدڑ مچی جس کے نتیجے میں چار طلبا ہلاک ہوگئے جن میں دو لڑکیاں اور دو لڑکے شامل تھے جبکہ 60 سے زائد طلبا زخمی ہوئے۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد گلوکارہ نکیتا گاندھی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر ایک پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ “کوچی یونیورسٹی میں جو کچھ ہوا اُس سے دل ٹوٹ گیا ہے، یہ انتہائی افسوسناک واقعہ تھا”۔

اپنا تبصرہ بھیجیں