حیدرآباد (دکن فائلز) اقوام متحدہ میں ہندوستان کی مستقل نمائندہ روچیرا کمبوج نے فلسطینی شہریوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو سراہا۔ غزہ پر اسرائیلی جارحیت درمیان پہلی بار ہندوستان نے اقوام متحدہ میں کھل کر فلسطین کی حمایت میں ردعمل کا اظہار کیا۔ اے بی پی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ہندوستان کی مستقل نمائندہ روچیرا کمبوج نے ہندوستان اور فلسطینیوں کے ساتھ دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری لڑائی میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی جانوں کا ضیاع نہ قابل قبول ہے۔
روچیرا کمبوج نے ہندوستان اور فلسطین کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امن اور خوشحالی کے حصول کےلئے فلسطین کو ہندوستان کی مسلسل حمایت حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ آج ہم یہاں ایک ایسے وقت میں جمع ہوئے ہیں جب اسرائیل-حماس جنگ کی وجہ سے، مشرق وسطیٰ میں سلامتی کی صورتحال مسلسل خراب ہوتی جا رہی ہے۔ علاقے میں بڑے پیمانے پر شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ ان میں خواتین اور بچوں کا جانی نقصان سب سے زیادہ ہوا ہے۔ یہ ایک خطرناک انسانی بحران ہے۔ ہم شہریوں کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔


