سمندری طوفان میچانگ ساحلی آندھرا کی طرف رواں دواں، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں موسلادھار بارش، چینائی پانی میں ڈوب گیا

حیدرآباد (دکن فائلز) سمندری طوفان میچانگ، جو اس وقت خلیج بنگال پر سایہ کئے ہوئے ہے، آندھرا کے ساحل کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس سمندر طوفان کی وجہ سے تمل ناڈو اور پڈوچیری کے علاوہ شمالی ساحلی تمل ناڈو میں موسلادھار بارش کی اطلاع ہے۔ چینائی، چنگلپٹو، کانچی پورم، ناگاپٹنم اور کڈالور اضلاع میں زبردست بارش ریکارڈ کی گئی۔ چینائی کے زیادہ تر علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہوئی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ طوفان کے کل دوپہر نیلور اور مچھلی پٹنم کے درمیان لینڈ فال ہونے کی توقع ہے۔

خلیج بنگال میں بننے والا طوفان میچانگ کے اثر سے ٹاملناڈو میں شدید بارش ہورہی ہے۔ آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع میں بھی موسلاد ھار بارش دیکھی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایاکہ میچانگ کل رات شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوچکا ہے۔ کل دوپہر میں وہ نیلور اور مچھلی پٹنم کے درمیان ساحل کو پار کرے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ساحل کو پار کرنے کے دوران اس کا اثر دیکھا جاسکتا ہے جس میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوگی۔ کل سے ہی ساحلی علاقوں میں شدید بارش اور ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہی گیروں سے کہا گیا ہے کہ سمندرمیں نہ جائیں۔

طوفان کے اثر سے ٹاملناڈو میں شدید بارش سے کئی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ چیف منسٹر اسٹالن نے عہدیداروں کے ساتھ بچاؤ اور راحت کاموں کا جائزہ لیا۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے متعین کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کےمطابق طوفان کے وقت 90 سے 110 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور باہر نہ نکلیں۔ آندھراپردیش میں بھی کئی اضلاع میں کنٹرول رومس قائم کئے گئے ہے جن کے ذریعہ سے صورتحال پر نظررکھی جارہی ہے۔ ساحلی اضلاع میں اسکولوں کو تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔ طوفان میچانگ کے پیش نظر کئی ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں