تباہ کن میچانگ طوفان آندھرا کے ساحل سے ٹکرا گیا، 9 افراد ہلاک

حیدرآباد (دکن فائلز) خلیج بنگال میں بننے والا شدید طوفان آندھرا کے ساحل سے گذر گیا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان آندھرا پردیش کے باپٹلا کے قریب ساحل سے ٹکرا گیا، اس وقت 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھی۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ میچانگ طوفان بہت جلد کمزور ہو جائے گا۔

دریں اثنا، طوفان کے اثر سے تمل ناڈو اور اے پی میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں۔ کئی مقامات پر سڑکیں تالاب میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ ورسما میں ایک کمسن لڑکا سمیت نو افراد ہلاک ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے ساحل سے گزرنے کے اگلے 24 گھنٹوں میں کئی مقامات پر شدید سے شدید تر بارش ہوسکتی ہے۔ حکام نے دعویٰ کیا کہ شدید بارشوں کے پیش نظر آندھراپردیش میں 8000 لوگوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ تروپتی میں بارش کی وجہ سے دیوار گرنے سے ایک چار سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا۔ تمل ناڈو میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔ متعدد مقامات پر تیز بارش اور ہواؤں سے کئی درخت اور برقی کھمبے زمین سے اکھڑ گئے۔ آندھراپردیش میں 140 سے زیادہ ٹرینیں اور 40 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

پدوچیری میں یانَم علاقائی انتظامیہ سمندری طوفان میچانگ کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ NDRF کی ایک ٹیم بچاﺅ کارروائی کیلئے وِجے واڑہ سے اتوار کی رات کو یانَم پہنچ گئی تھی، جو 20 اہلکاروں پر مشتمل ہے۔ NDRF کی ایک اور ٹیم کَل وہاں پہنچے گی۔ نچلے علاقوں میں رہنے والے لوگوں سےکہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھر خالی کردیں۔ تقریباً 500 افراد نے امدادی مراکز میں پناہ لی ہے۔ لگ بھگ چار ہزار افراد کو خوراک فراہم کی جارہی ہے۔ پدوچیری کے وزیراعلی ٰاین رَنگا سامی نے آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی کو ایک مراسلہ بھیج کر سمندری طوفان کا سامنا کرنے کیلئے امدادی اقدامات کی غرض سے مدد مانگی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں