حیدرآباد (دکن فائلز) وزارتِ داخلہ نے انڈین سائبر کرائم کوآرڈی نیشن سینٹر انیشیٹیو کے تحت ایک سو سے زیادہ ایسی ویب سائٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں بلاک کردیا جو منظم سرمایہ کاری یا ٹاسک پر مبنی جزءوقتی روزگار دھوکہ دہی میں ملوث پائی گئیں۔
وزارت نے ایک سرکاری ریلیز میں کہا ہے کہ اِن ویب سائٹس نے اقتصادی جرائم سے متعلق غیرقانونی سرمایہ کاری میں مدد کی۔ وزارت نے مزید کہا ہے کہ اِن ویب سائٹس کو بیرونِ ملک سےچلایا جارہا ہے اور ویب سائٹ کو چلانے والوں نے ڈیجیٹل اشتہارات، چیٹ مسینجر اور رینٹیڈ اکاؤنٹس کا استعمال کیا ہے اور اِس سے حاصل ہونے والی رقم کو مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر اقتصادی دھوکہ دہی سے ہندوستان سے باہر بھیجا گیا، جس کیلئے کارڈ نیٹ ورک، کریپٹو کرنسی، بیرونِ ملک اے ٹی ایم وڈرال اور بین الاقوامی فنٹیک کمپنیوں کا استعمال کیا گیا۔