وزیراعظم نریندر مودی کی عمان کے سلطان ھیشم بن طارق سے ملاقات، متعد امور پر بات چیت

حیدرآباد (دکن فائلز) آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور عمان کے سلطان ھیشم بن طارق کے درمیان بات چیت ہوئی۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حیدرآباد ہاؤس میں مودی نے عمان کے سلطان کا پُرجوش استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو کے ایجنڈے میں باہمی تعلقات اور دو طرفہ تعاون اور اشتراک بھی شامل رہا۔

سلطان کل تین روزہ سرکاری دورے پر پہنچے ہیں۔ اُن کے ساتھ اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی آیا، جس میں سینئر وزیر اور حکام شامل ہیں۔ سلطان کا آج صبح راشٹرپتی بھون میں باقاعدہ استقبال کیا گیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم مودی نے راشٹرپتی بھون میں سلطان کا خیر مقدم کیا۔ ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ سلطان ھیشم بن طارق کا یہ بھارت کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات میں یہ دورہ، انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اِس دورے سے بھارت اور عمان کے درمیان طویل عرصے سے چلی آرہی دوستی اور تعاون مزید مستحکم ہوگا اور باہمی رشتوں کو تقویت ملے گی۔ عمان کے سلطان اپنے قیام کے دوران صدر مرمو سے ملیں گے۔ آج شام نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھن کھڑ معزز مہمان سے ملاقات کریں گے۔

بھارت اور عمان کی دوستی اور تعاون اور اشتراک کی ایک طویل تاریخ ہے، جس کی بنیاد باہمی اعتماد اور احترام اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رشتوں پر مبنی ہیں، جو صدیوں سے چلے آرہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں