حیدرآباد (دکن فائلز) ملک میں کورونا نے ایک بار پھر دہشت پھیلادی ہے۔ کورونا متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے تقریباً 7 ماہ قبل کوویڈ 19 سے متعلق صحت عامہ کی ایڈوائزری کو واپس لے لیا تھا تاہم اب JN1 کورونا وائرس کے تیزی پھیلنے کے بعد ڈبلیو ایچ او نے ایک بار پھر لوگوں کو کورونا کے رہنما اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت سے آگاہ کردیا۔
ہمارے ملک میں کیرالہ کے بعد اب یہ کورونا کا نیا ویرینٹ مہاراشٹرا، گوا سمیت دونوں تلگو ریاستوں میں بھی تیزی سے پھیل رہا جس کی وجہ سے عوام میں دہشت پائی جاتی ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق ہر گھنٹے 27 افراد انفیکشن کا شکار ہو رہے ہیں۔ 22 دسمبر کو 24 گھنٹوں کے اندر 640 نئے کیس درج ہوئے تھے جبکہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 23 دسمبر کو 752 کیسز درج ہوئے جس کے بعد ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 3,420 ہو گئی ہے۔ اسی طرح اس وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 اموات ہوئی ہیں۔


