حیدرآباد (دکن فائلز) ریاستی حکومت نے تلنگانہ ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کےلئے 100 ایکڑ اراضی الاٹ کی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے ہائی کورٹ تعمیر کےلئے ہری جھنڈی دکھادی ہے۔ آج تلنگانہ ہائی کورٹ کی تعمیر کے لیے 100 ایکڑ زمین کے الاٹمنٹ سے متعلق حکمنامہ جاری کردیا گیا۔ جی ای او نمبر 55 میں کہا گیا ہے کہ ضلع رنگاریڈی کے راجندر نگر منڈل کے پریماوتی پیٹ اور بدویل گاؤں کے تحت 100 ایکڑ زمین محکمہ عدلیہ کو الاٹ کی جارہی ہے۔
بدویل میں 2500 ایکڑ زمین ایکریکلچر یونیورسٹی کو 1966 میں اس وقت کی حکومت نے الاٹ کی تھی۔ حکومت نے حال ہی میں اس میں سے 100 ایکڑ زمین ہائی کورٹ کی عمارت کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس جگہ پر ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر تک ہائی کورٹ کی تمام سرگرمیاں پرانی عمارت میں ہی چلائی جائیں گی۔ اس کے بعد ریاستی حکومت اسے ہیریٹیج عمارت کے طور پر محفوظ کرنا چاہتی ہے۔


