وقارآباد کے پرگی میں تبلیغی جماعت کے سہ روزہ اجتماع کا آغاز، ریاست کے علاوہ ملک و بیرون ملک سے 6 لاکھ سے زیادہ فرزندان توحید کی آمد (اجتماع کے روح پرور مناظر کا ویڈیو ضرور دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں حیدرآباد سے قریب وقار آباد کے پرگی میں تبلیغی جماعت کے سہء روزہ اجتماع کا آج فحر کی نماز کے ساتھ ہی آغاز ہوگیا جبکہ گذشتہ روز سے ہی اجتماع گاہ میں لاکھوں فرزندان توحید کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جو ابھی تک جاری ہے۔ ریاست کے مختلف علاقوں کے علاوہ ملک و بیرون ملک سے لاکھوں افراد اس اجتماع میں شرکت کررہے ہیں۔

تبلیغی جماعت کا اجتماع 6 جنوری تا 8 جنوری مقرر ہے۔ 8 جنوری کو بعد نماز ظہر دعاء کے ساتھ اختتام ہوگا۔ پرگی کے نعمت نگر میں منعقدہ تبلیغی اجتماع میں دہلی کے مرکز نظام الدین سے اکابرین و ذمہ داران کی بڑی تعداد موجود ہیں۔ اجتماع کے انتظامات اور والنٹیئرس کی بے مثال خدمات دیکھنے کے قابل ہے۔ وقار آباد ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹانڈ کے علاوہ دیگر مراکز سے اجتماع گاہ تک شرکا کو پہنچانے کےلیے لاریوں، ڈی سی ایم ویان اور آٹو رکشاؤں کا مفت بندوبست کیا ہے۔

اسی طرح حیدرآباد سے بھی اجتماع گاہ تک شرکا کو پہنچانے کےلئے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ اجتماع گاہ 130 ایکڑ اراضی پر ہے جبکہ 50 ایکڑ اراضی پر پارکنگ کی سہولت رکھی گئی ہے۔ اجتماع گاہ میں 26 طعام خانے قائم کیےگئے ہیں ایک طعام خانہ میں ایک وقت میں 5 ہزار افراد کے طعام کی گنجائش ہے۔ اسی طرح 26 وضو خانے تعمیر کیے گئے ہیں جن میں ایک وقت میں تقریباً 15 ہزار افراد وضو کرسکتے ہیں۔ اجتماع کے انتظامات کےلئے تقریباً 20 ہزار والینٹیئرس 24 گھنٹے شرکا کی خدمت کےلئے موجود ہیں۔ اجتماع گاہ قریب میں بیت الخلا و طہارت خانوں کا بھی مناسب انتظام کیا گیا ہے۔

تبلیغی اجتماع میں مسلسل تین روز تک معروف علمائے کرام شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے۔ اس موقع پر اجتماعی طور پر نکاح کی تقریب میں بھی منعقد ہوگی اور چار ماہ سے لیکر 3 دنوں کےلئے جماعتیں تشکیل دی جائیں گی جس کے ذریعہ ملک کے کونے کونے میں پہنچ کر مسلمانوں کو اللہ کے دین سے جوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔ اجتماع کے آخری روز یعنی 8 جنوری کو بعد نماز ظہر رقت انگیز دعا ہوگی جس میں ایک اندازہ کے مطابق تقریباً 8 لاکھ افراد موجود رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں