حیدرآباد (دکن فائلز) پولیس نے عوام کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ سائبر بدمعاشوں نے نئے طریقہ سے فراڈ کرنا شروع کیا ہے۔ اب ان کی جانب سے ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے پروگرام پرجا پالنا کے درخواست گذاروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ درخواست گذاروں کو کالز موصول ہو رہے ہیں۔ ان سے ابھے ہستم درخواستوں کی تفصیلات پوچھی جارہی ہے اور راشن کارڈ، اندراما مکان، 500 میں گیس سلنڈر جیسی اسکیموں میں شامل ہونے کی تصدیق کےلے OTP دریافت کیا جارہاہے۔ پولیس نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی اجنبی شخص کو او ٹی پی نہ دیں۔ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو ان کے بنک اکاونٹ سے بھاری رقم کا سرقہ ہوجائے گا۔
تلنگانہ بھر میں کانگریس حکومت نے 28 دسمبر تا 6 جنوری پرجا پالنا پروگرام کا انعقاد کیا تھا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیتے ہوئے ابھے ہسٹم فارم داخل کیا تھا۔ تقریباً ایک کروڑ 25 لاکھ افراد نے کانگریس حکومت کی چھ ضمانتوں کےلئے درخواستیں دیں۔ تاہم اب تلنگانہ پولیس نے پرجا پالنا درخواست گذاروں سے الرٹ رہنے کی اپیل کی ہے۔ پولیس کے مطابق سائبر بدمعاش اب ایسے افراد کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں جنہوں نے پرجا پالنا میں درخواست داخل کی ہیں۔ ایسے افراد کو سائبر مجرمین کی جانب سے کال کیا جارہا ہے اور انہیں ٹھگنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سائبر بدمعاشوں کی جانب سے کال کرکے لوگوں کو راشن کارڈ اور مکان کےلئے رقم کی ادائیگی کے بہانہ ’او ٹی پی‘ مانگا جارہا ہے۔ پولیس نے عوام کو اس طرح کے کالس سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ پولیس نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی اجنبی شخص کو اپنے فون پر آنا والا ’او ٹی پی‘ نہ دیں۔ اگر کسی کو اس طرح کی کال موصول ہوتا ہیں تو وہ فوری طور پر پولیس کو اس کی اطلاع دیں۔


